جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں فائر بریگیڈ کے کارکنوں نے ایک سڑک پر ایک گٹر کے فولادی ڈھکن میں پھنسی گلہری کو بچا لیا۔ امدادی عملے کے مطابق ممکن ہے یہ وہی گلہری ہو جسے انہوں نے ایسی ہی ایک مشکل میں چار سال پہلے بھی بچایا تھا۔
ڈورٹمنڈ میں فائر بریگیڈ کے شعبے کی طرف سے منگل 11 اپریل کے روز بتایا گیا کہ اسے سرخ رنگ کی اس گلہری کے ایک مین ہول کے ڈھکن میں پھنسے ہونے کی اطلاع ایک خاتون راہ گیر نے دی تھی۔
اس جانور کو وہاں پھنسے ہوئے دیکھ کر پہلے تو اس خاتون نے خود اسے رہائی دلانے کی کوشش کی، لیکن جب وہ کامیاب نہ ہو سکی تو اس نے ایمرجنسی نمبر پر فون کر کے فائر بریگیڈ کے عملے کو بلا لیا۔
یہ گلہری گٹر کے ڈھکن میں اتنی بری طرح پھنسی ہوئی تھی کہ عام طور پر بہت شرمیلا سمجھا جانے والا یہ ننھا سا جانور بہت چڑچڑا اور بدگمان ہو گیا تھا۔ فائر بریگیڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس خوف زدہ گلہری نے شروع میں اپنی مدد کرنے والی خاتون راہ گیر کو کاٹنے کی کوشش بھی کی تھی۔اس پر خاتون نے عقل مندی یہ کی کہ اس نے اس جانور کو اپنی شال سے ڈھانپ دیا تاکہ وہ کچھ پرسکون ہو جائے اور اس کے بعد ہی اس نے ایمرجنسی نمبر پر کال کی تھی۔اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی تو فوراﹰ ہی موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارکنوں نے بڑی احتیاط سے مین ہول کا ڈھکن بھی اٹھا لیا تاکہ اس گلہری کو بچایا جا سکے۔لیکن فائر بریگیڈ کے بیان کے مطابق، ”اس ننھے سے جانور کو رہائی دلانا اس لیے بہت پیچیدہ عمل ہو گیا تھا کہ یہ گلہری انتہائی بےصبری ہو چکی تھی اور اپنے بچانے والوں سے تعاون نہیں کر رہی تھی۔‘‘لیکن پھر امدادی کارکنوں کی کوششیں کامیاب ہو ہی گئیں، اس گلہری کو زخمی ہوئے بغیر رہائی ملی تو ایک ہی لمحے میں وہ چھلانگیں بھرتی قریبی درختوں میں غائب ہو گئی۔