Skip to content

مہینہ بھر پورے جرمنی کا سفر، انچاس یورو ٹکٹ کی فروخت شروع

    جرمنی میں عام صارفین اب صرف انچاس یورو فی کس کی ٹکٹ خرید کر مہینہ بھر پورے جرمنی کا لامحدود سفر کر سکیں گے۔ ’انچاس یورو ٹکٹ‘ کہلانے والے اس منصوبے کے تحت سفر یکم مئی سے کیا جا سکے گا۔ ان ٹکٹوں کی سیل اب شروع ہو گئی ہے۔

    گزشتہ برس موسم گرما میں ایسی ہی صرف نو یورو کی ٹکٹ کے تین ماہ کے لیے متعارف کردہ منصوبے کی قومی سطح پر زبردست کامیابی کے بعد اور ملک میں مسلسل بہت زیادہ مہنگائی اور توانائی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے پیش نظر اس بارے میں جرمنی میں وفاقی اور تمام سولہ صوبائی حکومتوں کے مابین گزشتہ کئی ماہ سے مذاکرات جاری تھے کہ عوام کو آئندہ بھی دیرپا بنیادوں پر پورے ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سستے سفر کے پرکشش امکانات مہیا کیے جانا چاہیں۔اب یہ کوششیں بالآخر نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہیں اور آج تین اپریل سے عام صارفین صرف 49 یورو فی کس کے عوض ایسی ماہانہ ٹکٹیں خرید سکتے ہیں، جن کے ذریعے سفر یکم مئی سے ممکن ہو سکے گا۔ ایسا اس لیے کیا گیا ہے کہ یہ منصوبہ عملی طور پر یکم مئی سے ہی شروع ہو گا مگر صارفین چاہیں تو ایسی ‘انچاس یورو ٹکٹ‘ ایڈوانس میں بھی خرید سکتے ہیں۔ایسی کسی بھی ٹکٹ کا حامل کوئی بھی مسافر پورے ملک میں علاقائی سطح کی پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہوئے لامحدود سفر کر سکے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ صارفین تیز رفتار انٹرسٹی اور انٹرسٹی ایکسپریس ٹرینیں چھوڑ کر باقی ہر قسم کی ریل گاڑیاں، بسیں، ٹرامیں اور زیر زمین ٹرام سسٹم جتنا چاہیں استعمال کر سکیں گے۔
    جرمنی کی سب سے بڑی ریل کمپنی ڈوئچے بان کی ایک ترجمان کے مطابق اس ٹکٹ کی فروخت عوام میں اس لیے بھی بہت مقبول رہے گی کہ آج پیر تین اپریل کو اس کی آن لائن فروخت شروع ہوتے ہی ڈوئچے بان اور بیسیوں علاقائی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی ویب سائٹس پر ٹکٹیں خریدنے والے صارفین کی تعداد معمول سے دو گنا سے بھی زیادہ رہی۔

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *