چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد لاہور میں پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کر دیا اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کردیا۔پولیس نے زمان پارک کے باہر لگے کیمپوں کو ہٹانا شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری زمان پاک پہنچ گئی جبکہ قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے ارد گرد ڈنڈا بردار کارکنان موجود ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔پنجاب پولیس کی جانب سے اسپیکر کے ذریعے دفعہ 144 کا اعلان کردیا گیا۔پولیس نے اعلان کیا کہ دفعہ 144 نافذ ہے، آپ سے گزارش ہے منتشر ہو جائیں۔دوسری جانب پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی جا رہی ہے۔
