رپورٹ تنویر ارشاد ؛جنیوا سوئٹزر لینڈ
سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے 52 ویں اجلاس کے دوران یواین کشمیر وفد کے زیر۔اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار میں بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی صحافت پر قدغن، کشمیر کی جغرافیائی تبدیلی، بھارتی افواج کی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کیا گیا، حریت رہنمائوں، تحریک کشمیر کے رہنمائوں نے شرکت کی، تفصیلات دیکھتے ہیں جنیوا سےتنویر ارشاد کی رپورٹ میں
یواین کشمیر وفد کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کی انسانی کونسل کے باونواں اجلاس کے دوران بھارتی مقبوضہ کشمیر میں پریس کی آزادی پر قدغنیں اور مودی کی جغرافیائی دہشت گردی کے عنوان پر جنیوا میں سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت انچارچ یو این کشمیر وفد الطاف حسین وانی جنیوا نے کی ۔سیمینار میں صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی ، صدر تحریک کشمیر اٹلی چوہدری بابر وڑائچ، فیض نقشبندی , ڈاکٹر ولید رسول ، امجد یوسف ، شمیمہ شال، ڈاکٹر شگفتہ اشرف ، پاک فیڈریشن اٹلی کے جنرل سیکریٹری تنویر کدھر ، راجہ شیراز اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی زیر تسلط مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم کو چھپانے کےلیے آزادی صحافت پر قدغن لگائی جاچکی ہے، کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے اور دنیا کی اس معاملے پر خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو سامنے لانا جرم بن چکا ہے ۔ جس صحافی نے بھارت کے کشمیر پر ناجائز قبضہ کے خلاف اور کشمیریوں کی بنیادی انسانی حق خوداردیت پر آواز اٹھائی ان کو کالے قوانین کے تحت جیلوں میں بند کر دیا جاتا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ان کو قیدیوں کے بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھ گیا ہے مودی یہ چاہتا ہے کہ ان تمام لوگوں کو نشانہ عبرت بناوں تاکہ کوئی بھی اٹھ کر مودی کے مسلم اکثریتی ریاست جموں و کشمیر کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کر کے مسلم اقلیتی ریاست میں تبدیل کرنے کی کوششوں کے راستے میں رکاوٹ نہ بنے اور یہ سارے ظالمانہ اقدامات دنیا سے اوجھل رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں تمام تر مظالم کی تفصیلات موجود ہیں، بھارتی افواج آزادی کے دیوانے نوجوانوں کا قتل عام کررہی ہے، خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے جبکہ باہر سے لوگوں کو لاکر آباد کیا جارہا ہے تاکہ اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کردیا جائے۔ مقررین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھیجا جائے اور وہاں جاری مظالم کو فوری طور پر روک کر کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے
