Skip to content

برسلز: چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضا سید نے خرم پرویز کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا ہے

    چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے عالمی شہرت یافتہ کشمیری علمبردار خرم پرویز اور انسانی حقوق کے دیگر کشمیری کارکنوں اور کشمیری سیاسی رہنماؤوں اور صحافیوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
    یہ بات انہوں نے جینوا میں مارٹن اینالز ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے بعد کہی۔ مارٹن اینالز فاؤنڈیشن نے خرم پرویز جو جبری گمشدگیوں کے خلاف ایشین فیڈریشن کے سربراہ بھی ہیں، کو یہ ایوارڈ کشمیریوں کے انسانی حقوق کے لیے گرانقدرخدمات پر دیا۔ نامور کشمیری کارکن خرم پرویز بھارتی جیل میں قید ہونے کے باعث جنیوا میں ’’مارٹن اینالز‘‘ ایوارڈ بذات خود وصول نہ کرسکے۔ خرم پرویز کی طرف سے انسانی حقوق کے ایک اور کارکن اور جبری گمشدگیوں کے خلاف ایشین فیڈریشن کے کمپین منیجر محمد اشرف الزمان نے یہ ایوارڈ وصول کیا۔ اشرف الزمان نے خرم پرویز کا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد خرم پرویز کا پیغام پڑھ کر سنا اور جیل میں ان کی مشکلات کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ خرم پرویز نے اپنے پیغام میں ایوارڈ دینے پر مارٹن اینالز فاؤنڈیشن کی ایوارڈ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ دنیا میں کشمیریوں کی آواز سنی نہیں جارہی لیکن یہ ایوارڈ کئی دہائیوں سے کشمیریوں کی نہ سنی جانے والے مصائب کا اعتراف ہے۔
    چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ تقریب میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیا گیا ہے اور یہ بات بھی تقریب میں بتائی گئی کہ کس طرح خرم پرویز نے جو گذشتہ پندرہ ماہ سے بے بنیاد الزامات کے تحت بھارت کی روہینی جیل میں ہیں، نے جدوجہد کرکے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں حقائق کو پوری دنیا کے سامنے پیش کیا۔ خرم پرویز اور ان کی ٹیم کی تیارہ کردہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں غیرجانبدارانہ رپورٹس کشمیر کے مظلوم لوگوں کے خلاف بھارتی ظلم وستم کا منہ دستاویزی ثبوت ہیں۔
    جنیوا میں تقریب کے دوران مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے حقوق کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور جس میں تنازعہ کشمیر کے بارے میں بتایا گیا کہ کس طرح مقبوضہ کشمیر کے لوگ سات دہائیوں سے اس مسئلے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ تقریب میں خرم پرویز کی جلد رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا
    چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے بتایاکہ جس انداز سے خرم پرویز کے انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کو اس بین الاقوامی تقریب میں بیان کیا گیا اور انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا، اس سے کشمیریوں کے حقوق کو عالمی سطح پر پذیرائی ملے گی۔
    تقریب میں بتایا گیا کہ انسانی حقوق کے لیے کام کے دوران خرم پرویز اور ان کی ٹیم کو کن مشکلات سے گزرنا پڑا ہے۔ موجودہ قید سے پہلے بھی انہیں گرفتار کیا گیا اور انہیں بیرون سفر سے روکا گیا۔

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *