پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے برلن میں موجود پاکستانی سفارتخانے میں ڈیجیٹل ٹورازم کارنر کا باقاعدہ افتتاح کیا اور سیاحت کے حوالے سے بنائی گئی ورچوئل ٹورازم ایپلیکشن کی کاوش کو سراہا۔
پاکستانی سفارتخانے میں وزیر خارجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کا جرمنی کا دورہ نہایت کامیاب رہا اور اس دورے میں جرمن ہم منصب انا لینا بیر باک سے ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے خارجی تعلقات میں مضبوطی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد جب از سر نو تباہ شدہ علاقہ جات کی تعمیر شروع ہوگی تو جرمنی ہمارے ساتھ ہر طرح سے تعاون کے لیے ساتھ کھڑا ہوگا۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین تعلقات میں جرمنی کی معاشی سرپرستی دیگر یورپی ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہی ہے اس کے علاوہ تعلیم حاصل کرنے اور روزگار تلاش کرنے کے حوالے سے بھی جرمنی کے ساتھ پاکستان کے تعلق میں مذید بہتری کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔ کیونکہ جرمنی میں بہت زیادہ تعداد میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں امید ہے کہ اگر جرمنی پاکستانی افراد کی صنعتی تربیت میں ھمارا ساتھ دے تو پاکستان اس معاملے میں جرمنی کی مدد کرسکتا ہے اور ہمارے لوگ جرمنی آکر روزگار حاصل کرسکتے ہیں جس سے جرمنی کی انفرادی قوت کی کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔
بنیادی طور پر سیلاب کی تباہ کاری کے حوالے سے پاکستان میں آب و ہوا اور موسمُ کی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم میں جرمنی کی گرین پارٹی بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔ یاد رہے کہ جرمن وزیر داخلہ کا تعلق ماحول دوست سیاسی پارٹی گرین سے ہے جو موسم کی تبدیلی اور ماحول کے تحفظ پر گذشتہ کئی سالوں سے متحرک ہیں
