جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستان جرمن سول فورم جرمنی کے زیر اہتمام مرکزی نماز عید الضحٰی سال باو ٹیٹوز فورم میں ادا کی گئی، جس میں پاکستانیوں سمیت مختلف مملکوں کے مسلمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
فرینکفرٹ اور گرد و نواح میں آباد مسلمان بلخصوص پاکستانی کمیونٹی کے لئے عیدین کی خوشیاں ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنے کیلئے سینئر صحافی و سماجی شخصیت شبیر احمد کھوکھر کی طرف سے اجتماعی نماز عید کا سال باو ٹیٹوز فورم کے بڑے ہال میں اہتمام کیا گیا۔
کوورنا پابندیوں کے خاتمے اور دوسالہ وقفے کے بعد جرمنی میں مقیم پاکستانیوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سالباو ٹیٹوز فورم کے بڑے ہال میں نماز عید الضحٰی ادا کی، حاضرین نے شبیر احمد کھوکھر اور انکی ٹیم کی طرف سے بہترین انتظام اور باہمی ہم آہنگی کا موقع فراہم کرنے پر بہت سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہال میں آکر عید کی خوشیاں اور رونقیں دوبالا ہو جاتی ہیں۔
علامہ محمد صدیق مصطفائی نے سنت ابراہیمی اور عید الضحٰی کے حوالے سے تفصیلی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں آباد مختلف مملکوں کے مسلمانوں سمیت پاکستانیوں کو آپس میں مضبوط بھائی چارے اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔
