برلن رپورٹ مطیع اللہ،
پاکستان 75 سالہ تقریبات کے اغاز میں پاکستانی ٹرک آرٹ کو جدید طرز پر متعارف کروانے سے دنیاپاکستان کے اصل رنگوں کو بہتر طور پر جان پاۓ گا
پاکستان کی 75 سالہ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے, پاکستان ہاٶس برلن میں مشہور پھول پتی ٹرک آرٹ کے نمونوں کی نماٸش کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان ثقافتی و سماجی اعتبار سے ایک آسودہ اور پرکشش ملک ہے جو اپنے سیاحوں کی دلچسپی کے لیے اصناف کی ایک طویل فہرست پیش کرتا ہے۔ ھماری موسیقی، کھانے، قدرتی نظارے اور فن تعمیر دنیا بھر میں مشہور ہیں اور اپنے چاہنے والوں کو محسور کرتے ہیں۔
سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ ٹرک ٹرانسپورٹ ملک میں نہ صرف نقل و حمل کے ذریعے کے طور پر استعمال کٸے جاتے ھیں بلکہ اپنی منفرد و رنگینیت کے ساتھ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ دیکھنے والے نہ صرف انکی خوبصورتی سے محظوظ ہوتے ھیں بلکہ ان پر لکھی گئی دلچسپ تحاریر بھی لوگوں کو تفریح فراہم کرتی ھیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ٹرک آزادی اظہار راۓ کے ذریعے کے طور پر بھی کام کرتے ھیں مثلاً مختلف سیاسی اور قومی شخصیات کی تصاویر کے ساتھ مختلف اقوال بھی سڑکوں پر رواں دواں دیکھے جا سکتے ہیں۔
آج کی نماٸش مشہور ٹرک آرٹسٹ پھول پتی کی فنکارانہ صلاحیتوں کو جدید طرز سے روشناس کرانے کی ایک کاوش تھی کہ کیسے ٹرک آرٹ کے روایتی نمونےہمارے ارد گرد موجود روز مرہ کی اشیاء کو منفرد اور خوبصورت بنا سکتے ہیں۔پاکستانی ثقافت میں ٹرک آرٹ کو ایک اہم مقام حاصل ھے اور رواں سال پاکستان کی آذادی کو 75 سال پورے ہونے پر اس نمائش کا خاص کر اہتمام کیا گیا۔
جس میں پھول پتی ٹرک آرٹ کے لئے فن پارے بنانے والے آرٹسٹوں کو سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے تعریفی اسناد دی گئیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ 75 سالہ تقریبات میں ہم نے اپنے ٹرک آرٹ کو یہاں ان کے معاشرے میں متعارف کروانے کے لئے اس نمائش کا اہتمام کیا نمائش میں شریک غیر ملکی مہمانوں کا کہنا تھا کہ انھیں اس نمائش میں آکر تمام فن پاروں کو دیکھ کر زندہ دلی کا احساس ہوا ہے۔
ملاوی سے تعلق رکھنے والے سفارتکار کا نمائش سے متلعق کہنا تھا کہ اس قسم کی رنگوں سے بھرپور نمائش پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے یقینا کارگر ثابت ہوگی۔پھول پتی آرٹ کی ٹیم کا کہنا تھا کہ ہم سفیر پاکستان اور سفارتخانہ پاکستان کے بے حد مشکور ہیں کہ جنھوں نے ہمیں اپنے فن کے اظہار کا یوں موقع دیا .پھول پتی ٹرک آرٹ کو شرکاء نے سراہتے ہوئے خوب انجوائے کیا اور اسے دیگر ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات بنانے کے لئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
