استنبول: یورپ میں غیرقانونی طور پر آنے کی کوشش کرنے والے تارکین ترکی کو ٹرانزٹ روٹ کے طور پر استعمال کرتے ہیں، ترکی نے غیرملکیوں کا غیرقانونی داخلہ روکنے کیلئے گزشتہ کچھ عرصہ سے کارروائیاں تیز کردی ہیں، اور اب بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا ہے، جس میں ڈرون کا بھی استعمال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترکی میں کریک ڈاون کے دوران 246 غیرملکی پکڑے گئے ہیں، جو غیرقانونی طور پر مقیم تھے، اور آگے یورپ جانے کے لئے کوشاں تھے، ترک فورسز نے 3 مختلف کارروائیوں میں ان غیرملکیوں کو پکڑا ہے، پہلے آپریشن میں ترک فورسز نے 73 غیرملکیوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے زیادہ تر افغانی ہیں، ترک اخبار ’’حریت‘‘ کے مطابق ازمیر صوبے میں سیکورٹی فورسز نے ڈرون کی مدد سے ایک ٹرک کو روکا ، اور اس میں چھپے ہوئے ان غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا، دوسرا آپریشن بھی ازمیر میں ہی کیا گیا،جس میں76 افغانی ، 39 عراقی ،8 ایرانی ، 8 مصری ، 15 شامی اور 3 یمنی حراست میں لے لئے گئے۔
تیسرا آپریشن Kilis صوبے میں کیا گیا، جہاں یورپی ممالک میں اسمگلنگ کے لئے ایک گھر میں رکھے گئے 24 شامی تارکین کو اطلاع ملنے پر پولیس نے چھاپہ مار کر حراست میں لے لیا،د وسری طرف ترکی نے ایران کے ساتھ 534 کلومیٹر طویل سرحد پر بھی سختی کردی ہے، اور 243 کلومیٹر طویل دیوار بھی تعمیر کی جارہی ہے۔
