یوکرین کے دارالحکومت کیف میں آج صبح کم از کم 3 دھماکے سنے گئے، ایک اور شہر زپوریززیا کے ریلوےاسٹیشن پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کی ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ کیف میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ 2 رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
کیف میں کرفیو نافذ ہے، گزشتہ روز کیف میں ہوئے روسی حملے میں 4 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے تھے۔یوکرین کے نائب وزیرِ اعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوج نے یوکرین کے شہر زپوریززیا کے ریلوے اسٹیشن کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی علاقائی حکام کا کہنا ہے کہ زپوریززیا میں پہلی بار شہری املاک پر بمباری کی گئی ہے، تاہم ریلوے اسٹیشن پر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب یوکرین کے شہر ماریوپول، خار کیف، میکو لیف اور دارالحکومت کیف کے نواحی قصبوں میں جنگ جاری ہے۔یوکرین کےنائب وزیرِ اعظم نے بتایا ہے کہ روسی فوج نے ماریوپول کے اسپتال پر قبضہ کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں 400 کی تعداد میں شہری، مریض اور طبی عملہ موجود ہے، جنہیں یرغمال بنا لیا گیا ہے۔
یوکرینی نائب صدر کا کہنا ہے کہ روسی فوج ماریوپول میں زیرِ قبضہ اسپتال سے فائرنگ کر رہی ہے، جس سے شہریوں کا انخلاء خطرے میں پڑ گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماریوپول میں انسانی ہمدردی کے تحت آج انخلاء کے لیے راہداریاں کھولنے کی کوششیں جاری ہیں۔
